لاہور ( اے بی این نیوز ) قومی کرکٹر عمر اکمل نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سابق کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس پر اپنے کیریئر کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹیم سے کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ ذاتی پسند ناپسند اور غیر متعلقہ وجوہات کی بنیاد پر نکالا گیا۔
عمر اکمل کے مطابق وقار یونس نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی سے خوش نہیں ہوتے تھے اور اکثر اس بات پر ناراضی ظاہر کرتے کہ یہ کھلاڑی نئی گاڑیاں خرید رہے ہیں یا برانڈیڈ کپڑے پہنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے ٹیم سے کارکردگی پر نہیں، بلکہ اس لیے نکالا گیا کہ میں نے گاڑی خریدی اور برانڈیڈ کپڑے پہنے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے جو دیا ہے، وہ اپنی محنت کا صلہ ہے۔ میں اور میرا گھرانہ اپنی خواہشات پوری کر رہے ہیں تو اس میں کیا برائی ہے؟ یہ بات صرف میں نہیں کہہ رہا، میرے ساتھ کھیلنے والے کئی کرکٹرز، جیسے رانا نویدالحسن بھی یہی کہیں گے۔
عمر اکمل نے انکشاف کیا کہ وقار یونس اکثر کھلاڑیوں سے کہا کرتے تھے کہ تم لوگوں کے پاس بہت زیادہ پیسہ آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات پہلے ایسے نہیں تھے، مگر جب اللہ نے نوازا ہے تو انسان اپنے اوپر کیوں نہ خرچ کرے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقار یونس کو سینئر ہونے کے ناطے عزت دیتے ہیں، لیکن کوچ کے طور پر ان کی پالیسیوں سے بالکل مطمئن نہیں تھے۔ عمر اکمل کے مطابق 2016 ورلڈکپ کے دوران انہوں نے پی سی بی کو خطوط اور رپورٹس جمع کروائیں، جن میں یہ تجویز دی گئی تھی کہ وقار یونس کو ہٹایا جائے تاکہ ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
مزید پڑھیں :فیصلہ کن میچ ،تیسرا ٹی 20،پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ















