اہم خبریں

ویمنز ورلڈ کپ 2025: بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی

کولمبو (اے بی این نیوز)ے ویمنز ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔ 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم صرف 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر سدرہ امین نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 81 رنز اسکور کیے، تاہم باقی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ نتالیہ پرویز نے 33، سدرہ نواز نے 14 اور ڈیانا بیگ نے 9 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور عالیہ ریاض صرف 2،2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

بھارت کی جانب سے گرانتی گوڈ اور دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جنہوں نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بنائے۔ ہرلین دیول 46، جمائما روڈریگز 32، پرتیکا راول 31 اور ریچا گھوش 20 گیندوں پر جارحانہ 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 وکٹیں لیں۔

یہ پاکستان ویمنز ٹیم کی ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے، جبکہ بھارتی ٹیم نے اس کامیابی کے ساتھ اگلے مرحلے میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

مزید پڑھیں :قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل طلب

متعلقہ خبریں