اہم خبریں

آئی سی سی کی پاک بھارت ویمنز میچ میں تنازعات سے بچنے کے لیے حکمت عملی تیار

لاہور( اے بی این نیوز)اتوار کو پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ آئی سی سی نے اس حساس موقع پر ممکنہ سیاسی تنازعات سے بچنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے پاکستان اور بھارت کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سوالات کیے تاہم آئی سی سی میڈیا منیجر سیپوا کازی نے واضح ہدایات جاری کیں کہ پریس کانفرنس میں سیاسی سوالات نہیں کیے جائیں گے اور مصافحہ جیسے معاملات پر کوئی سوال قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر صحافیوں کو صرف کرکٹ سے متعلق سوالات کرنے کی اجازت دی گئی۔

آئی سی سی کی ہدایات کے بعد پریس کانفرنس شروع ہوئی جس میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے بھارت کے خلاف میچ کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور توجہ صرف کھیل پر ہے۔ بھارت کے خلاف کھلاڑیوں کے حتمی انتخاب کا ابھی اعلان نہیں کیا جا سکتا۔

فاطمہ ثناء کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی تاہم بھرپور واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ ماضی میں ٹیموں کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے جو اچھے لگتے تھے لیکن اس وقت ان کی پہلی ترجیح صرف کرکٹ کھیلنا ہے۔ وہ اور ان کی ٹیم موجودہ صورتحال سے واقف ہیں لیکن پوری توجہ کھیل پر مرکوز ہیں۔

فاطمہ ثناء نے آخر میں یہ بھی کہا کہ کم عمری میں کپتانی جیسا اعزاز ملنا اعزاز کی بات ہے، ٹیم کے سینئر کھلاڑی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔ ہم سب ایک مضبوط ٹیم کے طور پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں‌:بھارت سے ایک لاکھ کیوسک پانی آنے کا امکان!الرٹ جاری

متعلقہ خبریں