سڈنی (اے بی این نیوز)پاکستانی کھلاڑیوں کے غیرملکی لیگز کےلئے این او سی روکنے پر کرکٹ آسٹریلیا پریشان ہوگیا اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے کھلاڑیوں کے این او سی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) سے رابطہ کرلیا جب کہ کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو رواں برس بھی بی بی ایل میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق بگ بیش لیگ کے 15ویں ایڈیشن میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کھٹائی میں پڑ گئی ہے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی این او سی پالیسی نے آسٹریلوی لیگ کے منصوبوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو این او سی ان کی کارکردگی کی بنیاد پر جاری کیا جائے گا۔
اس ضمن میں بی بی ایل سمیت تمام آئندہ ٹورنامنٹس کے لیے پہلے سے دیے گئے این او سی بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔پی سی بی کے اس فیصلے کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی کوئی راستہ نکل آئے گا، جس کے نتیجے میں پاکستانی کھلاڑی آسٹریلیا جا سکیں گے۔
سی اے کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ ہم گزشتہ چند دنوں سے پی سی بی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور مثبت پیش رفت کی توقع رکھتے ہیں۔
ہم پاکستانی کھلاڑیوں کو بی بی ایل میں دیکھنے کے منتظر ہیں کیوں کہ وہ لیگ کو نئی قدر بخشیں گے۔ آسٹریلوی کرکٹ حلقوں کی بے تابی اس بات سے عیاں ہے کہ شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث رؤف اور شاداب خان جیسے بڑے نام اس سیزن میں شرکت کے لیے متوقع تھے۔
برسبین ہیٹ اور میلبورن اسٹارز تو اپنے میدانوں میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے اعزاز میں خصوصی سیکشنز بھی مختص کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: الیکشن ایکٹ 2024 میں کی گئی ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر سماعت آج