اہم خبریں

ایشیاء کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر بی سی سی آئی کی وضاحت

نئی دہلی(اے بی این نیوز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر اپنی پوزیشن واضح کردی ہے۔

پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر ہندوستان کی پالیسی کے بارے میں، بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے کہا کہ جہاں تک بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کا تعلق ہے، ہم مرکزی حکومت کی پیروی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ پالیسی کے مطابق بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ جہاں تک بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے موقف کا تعلق ہے، ہمیں مرکزی حکومت کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔

دیوجیت سائکیا کا کہنا ہے کہ بھارت کی حالیہ نئی پالیسی کسی بھی کثیر القومی یا بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت کو نہیں روکتی۔ نئی پالیسی میں واضح طور بیان کر دیا گیا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات نہ رکھنے والے ممالک کے خلاف کھیلنے پر مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے کہا کہ اس لیے بھارت کو کسی بھی ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ میں تمام میچز کھیلنے ہوں گے، ایشیا کپ ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ ہے، اسی لیے ہم حصہ لیں گے، اسی طرح ہمیں آئی سی سی کے ایسے ٹورنامنٹ بھی کھیلنا ہوں گے جن میں بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک دو طرفہ تعلقات کا تعلق ہے ہم کسی دشمن ملک کے خلاف نہیں کھیلیں گے، ہم بھارتی حکومت اور محکمہ کھیل کی بنائی گئی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اس پالیسی میں نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیل بھی شامل ہیں۔

دیوجیت سائکیا نے کہا کہ اگر بھارت کسی بھی ملٹی نیشنل کھیلوں کے ٹورنامنٹ میں کسی مخصوص ملک کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو اس پر پابندیاں لگ سکتی ہیں، مثال کے طور پر اگر ایتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی لگائی گئی تو نیرج چوپڑا کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور یہ کھلاڑی کے لیے نقصان دہ ہوگا، بھارتی حکومت نے سوچ سمجھ کر یہ پالیسی بنائی ہے۔
مزید پڑھیں:

متعلقہ خبریں