اہم خبریں

انجری کا شکار فخر زمان کی جگہ ٹیم میں امام الحق کی شمولیت کا امکان

لاہور(اے بی این نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک دھچکا پہنچا ہے، انجری کا شکار فخر زمان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

اے بی این نیوز مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان آئی سی سی چمپئینز ٹرافی 2025 سے باہر ہوگئے ہیں، فخر زمان ٹیم کے ہمراہ دبئی روانہ نہیں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق فخر زمان کی جگہ امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، پی سی بی کے مطابق فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کی شمولیت آئی سی سی رولز کے مطابق کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فخر زمان گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران پہلے ہی اوور میں پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے۔فخر زمان کو تکلیف کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا تھا، کچھ دیر بعد وہ فیلڈنگ کے لیے واپس آئے تھے تاہم تکلیف کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

فخر زمان ابتدائی اوورز میں فیلڈنگ کے دوران گراؤنڈ سے باہر جانے کے باعث آئی سی سی رولز کے تحت نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ بھی نہیں کر سکے تھے، جس کے باعث بابر اعظم نے سعود شکیل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں فخر زمان چوتھے نمبر پر کھیلنے آئے تھے تاہم پوری اننگز میں وہ تکلیف میں رہے اور 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ دلچسپ پاک – بھارت میچ کے لیے آج دبئی روانہ ہوگی، قومی اسکواڈ جمعہ کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گا، پاک بھارت ٹیمیں 23 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی۔
مزید پڑھیں: قومی شاہراہ ظاہر پیر کے قریب بس رکشہ سے ٹکرا گئی،6 افرادجاں بحق

متعلقہ خبریں