اسلام آباد ( اے بی این نیوز )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپن باؤلر عبدالرحمان کو پاکستان ٹیم کا سپن باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے تعینات ہونے والے اسپن باؤلنگ کوچ عبدالرحمان نے ملتان میں قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔
لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان کا قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر 2006 سے 2014 تک جاری رہا، اس دوران انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 140 وکٹیں حاصل کیں۔
عبدالرحمان کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے ہے۔ وہ اس سے قبل پاکستان ویمن ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ تھیں۔ قومی ٹیم کے ساتھ بطور اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمان کا یہ پہلا تجربہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی قیادت میں ملتان میں موجود ہے جہاں ویسٹ انڈیز کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 جنوری سے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔ اس کے علاوہ 3 اسپنرز نعمان علی، ابرار احمد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔