اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)کرکٹ کے کھیل میں ٹائم آؤٹ کسی بھی بلے باز کا آؤٹ ہونے کا ایک طریقہ ہے،یہ اس وقت ہوتا ہے جب کوئی آنے والا بلے باز پچھلے بلے باز کے آؤٹ ہونے کے دو منٹ کے اندر کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوتا ہے،اس قانون کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کھیل میں کوئی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ ٹائم آؤٹ ہونے سے آسانی سے گریز کیا جاتا ہے اور کسی بلے باز کے لیے ٹائم آؤٹ ہو جانا بہت ہی غیر معمولی بات ہے۔ بمطابق نومبر 2023 ٹیسٹ میچ یا ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں اس قسم کی برطرفی کی کوئی مثال نہیں ملی اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں صرف ایک مثال آج چھ نومبر2023کوقائم ہوئی جب سری لنکا کے بلے باز اینجلو میتھیوزکرکٹ ورلڈ کپ2023 میں نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ہیلمٹ کے پٹے کی خرابی کے بعد اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے تھے اور وقت 2 منٹ سے اوپر ہو گیاتھا تو بنگلہ دیش ٹیم نے ’’ٹائم آؤٹ‘‘ ہو جانے کی اپیل کی جس پرامپائرکی جانب سے میتھیوز کو آؤٹ قرار دے دیا گیا،تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بیٹر کو ٹائم آؤٹ ہونے پر مخالف ٹیم کی اپیل پر آؤٹ دیا گیا۔کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اینجیلو میتھیوز ٹوٹا ہوا ہیلمٹ لے کر میدن میں آگئے تھے جس کے بعد لنکن کرکٹر نے میچ میں فیلڈ امپائر کو قائل کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے اجازت نہیں دی۔ اس طرح میتھیوز پہلے کھلاڑی ہیں جو ٹائم آؤٹ کی وجہ سے آؤٹ قرار پائے۔جبکہ مجموعی طور پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھ واقعات ہیں۔آئی سی سی قانون کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کو کسی بیٹر کے آؤٹ یا کریز چھوڑ کر جانے کے بعد2 منٹ میں گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے یعنی کسی بھی کھلاڑی کو وکٹ گرنے کے 2 منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔















