کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے طویل انتظار کیا لیکن ہمت نہیں ہاری، اپنے وقت کا انتظار کیا اور جب موقع ملا تو پرفارمنس دی۔ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، میرا کام کسی کو مطمئن کرنا نہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال کا مومنٹم قائم رکھیں گے، شان مسعود پلیئنگ الیون میں ہوں گے یا نہیں؟ ابھی میٹنگ نہیں ہوئی، میٹنگ میں طے کیا جائے گا کہ کون کھیلے گا۔بابر اعظم نے کہا کہ پچ دیکھ کر پلیئنگ الیون بنائیں گے، دستیاب بہترین کھلاڑی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ این او سی کھلاڑی کا حق ہے جو قومی ٹیم کاحصہ نہیں انہیں لیگ کھیلنی چاہیے۔جب سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ سرفراز احمد چار سال سے نہیں کھیلے تو کیا آپ کو اس پر پچھتاوا ہے؟ جس کے جواب میں بابر اعظم نے کہا ’نہیں، مجھے کوئی پچھتاوا نہیں۔انہوں نے کہا کہ کپتان اور چیف سلیکٹر کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے، زیادہ کرکٹ ہونے کی وجہ سے اہم کھلاڑی ان فٹ ہوئے، اس وجہ سے دوسرے بولرز پر انحصار کرنا پڑا، دیگر بولرز نے بھی اپنا کردار بھرپور انداز میں نبھایا۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، میرا کام کسی کو مطمئن کرنا نہیں۔