عرب خلیج کپ افتتاحی تقریب بدنظمی کا شکار، دھینگامشتی ، کویتی وفد سٹیڈیم چھوڑ کر واپس

بغداد(نیوز ڈیسک)عراق کے زیراہتمام 25 ویں عرب خلیج کپ کی افتتاحی تقریب بدنظمی کا شکار، جھگڑا شدید، دھنگا مشتی اور دھکم پیل کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل۔عراق میں 25ویں عرب خلیج کپ کی افتتاحی تقریب سے قبل ایک جھگڑے کے بعد کویتی وفد اسٹیڈیم چھوڑنے پرمجبورہوگیا اوروہ واپس ہوٹل میں چلا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتی وفد کے اسٹیڈیم پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد افراتفری شروع ہوگئی تھی۔

سوشل میڈیا پرشیئرکی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ جنوبی شہربصرہ کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں وی آئی پی سیکشن میں موجود افراد بحث ومباحثہ کررہے ہیں اور ایک دوسرے کو دھکے دے رہے ہیں جبکہ دیگرافراد انھیں الگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔کویت فٹ بال ایسوسی ایشن (کے ایف اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے رکن عبدالعزیز السمحان نے میڈیا کوبتایا کہ امیرِکویت کی نمائندگی کرنے والے شیخ فہد الناصرکےافراتفری کی وجہ سے اسٹیڈیم میں داخل نہ ہونے کے بعد وفد لوٹ گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ جب ہم نے سنا کہ شیخ فہدالناصر اندر داخل نہیں ہوسکتے تو ہم وہاں سے اٹھ کرچلے گئے۔اس صورت حال نے ہمیں پریشان کردیا اور ہم ان کے ساتھ اظہاریک جہتی میں اٹھ کرواپس ہوٹل میں چلے گئے تھے۔سمحان نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیڈیم کے داخلی دروازے سے وی آئی پی سیکشن کی طرف جاتے ہوئے لوگوں کی ہاتھا پائی کے دوران میں انھیں لوٹ لیا گیا۔انھوں نے مزیدبتایاکہ جب وہ کرسی پربیٹھے تو انھیں احساس ہوا کہ ان کی جیب کسی تیزدھارچیز سے پھٹ گئی ہے اور ان کاپرس غائب ہے۔دریں اثنا کویت کی قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی افواہیں غلط ہیں۔ٹیم شیڈول کے مطابق آج ہفتے کے روزقطرکے خلاف میچ کھیلنے والی تھی۔آٹھ ممالک پر مشتمل عرب گلف کپ میں خلیج تعاون کونسل کے رکن چھے ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ یمن اورعراق کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔سنہ 1979 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب شورش زدہ عراق اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔شائقین کے درمیان جھگڑے کے باوجودجمعہ کو شیڈول کے مطابق میچ منعقد ہوئے تھے اور میزبان عراق اورعمان کے درمیان میچ(0-0) برابررہا تھا اور سعودی عرب نے یمن کے خلاف میچ (2-0سے)جیت لیا تھا۔فیفا کے صدر گیانی انفینٹینونے افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔انھوں نے کہا کہ عراق اورعمان کے درمیان بصرہ میں 2023ء کے عرب خلیج کپ کی افتتاحی تقریب اورافتتاحی میچ میں شرکت کرنا بہت اچھا لگا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ کئی دہائیوں کے تنازع کے بعدعراق میں اس طرح کے میچوں کے انعقاد پرخوش ہیں۔انھوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پرعراق،عراق فٹ بال ایسوسی ایشن اور عرب گلف کپ فٹ بال فیڈریشن کوگرم جوشی سے استقبال اور تمام تنظیمی کوششوں پر مبارک باد پیش کی ہے۔