اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان ہاکی فیڈریشن کی غیر فعال باڈی کی قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت، چیئرمین قائمہ کمیٹی کا پاکستان سپورٹس بورڈ سے الحاق نہ ہونے پر ہاکی فیڈریشن کے عہدداران کو اجلاس سے نکال دیا۔نواب شیر وسیر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کے دوران کمیٹی رکن رانا مبشر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کو اتنی فنڈنگ ہوئی ، اتنا پیسہ کہا ںگیا؟ سال 2010 سے ہاکی فیڈریشن کو ملنے والی فنڈنگ کا آڈٹ کروایا جاے، قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے، مہرین بھٹو نے کہا کہ ہاکی کا کھیل بہتر ہونے کی بجاے زوال کاشکار رہا، بتایا جاے کہ اگر فیڈریشن معطل ہے تو وہ فیڈریشن کے معاملات کیسے چلا سکتی ہے، فیڈریشن غیر فعال ہے تو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیسے کر سکتے ہیں؟ وفاقی سیکرٹری احمد حنیف اورکزئی نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر نگرانی الیکشن نہیں کرواے، ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مختلف اسٹیک ہولڈرز کے کروڑوں کی فنڈنگ ہوئی، وفاقی حکومت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجوہ سیٹ اپ کو تسلیم نہیں کرتی۔ قائمہ کمیٹی نے اجلاس میں شریک پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین کو اجلاس سے چلے جانے کی ہدایت کی جس پر حیدر حسین اور دیگر عہددار اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے ۔ قائمہ کمیٹی نے ہاکی کے معاملات پر سخت تشویش کا اظہار بھی کیا۔













