کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ختم ہوگیا ،کھیل کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جسے اس کے اوپنرز نے سنچری پارٹنرشپ کے ساتھ درست ثابت کردیا۔ پاکستان کو پہلی وکٹ ٹام لیتھم کی صورت میں ملی، ان کو 134 کے مجموعے پر نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیون کونوے تھے جنہوں نے 120 رنز بنائے اور ان کو آغا سلمان نے آؤٹ کیا۔پاکستان کے لیے تیسری وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی، انہوں نے 240 رنز کے مجموعے پر کین ولیمسن کو آؤٹ کیا، وہ 36 رنز بنا سکے۔کیویز ٹیم کی چوتھی وکٹ 255 رنز پر گر گئی، ڈیرل مچل کو 3 رنز پر آغا سلمان نے بولڈ کیا۔مہمان ٹیم کی پانچویں وکٹ 278 پر گری جب کپتان بابر اعظم کی حاضر دماغی سے لیے گئے ریویو کی بدولت ہینری نکلس کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہینری نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔چھٹی وکٹ کے لیے قومی بولرز کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا جہاں نوجوان اسپنر ابرار احمد نے مائیکل بریسویل کو صفر پر پویلین لوٹایا۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 279 رنز تھا۔ دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے تھے۔ ٹام بلنڈیل اور 30 اور اش سوڈھی 11 رنز کے ساتھ الگے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے، بہت مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں۔دوسرے ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔نیوزی لینڈ کی فائنل الیون میںٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔