نئی دہلی ( نیوزڈیسک)بھارتی میڈیا نے کہاہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کو ان کے عہدوں سے نہیں ہٹایا جارہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے جائزہ اجلاس میں بورڈ کے عہدیدار، سلیکٹرز کے علاوہ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما نے شرکت کی۔اجلاس میں ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورلڈکپ کے منتخب کھلاڑی آئی پی ایل کے کچھ میچز نہیں کھیل سکیں گے، اہم کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت کو محدود رکھا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت پلیئرز انٹرنیشنل سیریز کے بجائے لوکل لیگ چھوڑ سکتے ہیں، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔بی سی سی آئی شارٹ لسٹ پلیئرز کا بغور جائزہ لیتا رہے گا، کرکٹرز کی ٹیموں میں سلیکشن کے لیے یو یو ٹیسٹ اور ڈیکسا کو لازمی قرار دے دیا گیا۔ایمرجنگ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔