کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 26رنزسے ہراکرپانچ میچوں کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی،بدھ کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے میچ پاکستان کی جانب سے بنائے گئے 287رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 261 پر آل آئوٹ ہوگئی ،اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز ہوا تو مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے فخر زمان صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپننگ بلے باز امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان سنچری پارٹنرشپ نے ٹیم کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد ڈالی۔ بابر اعظم اپنی 26ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 145 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔ نئے آنے والے بلے باز عبداللّٰہ شفیق آج بھی متاثر کن پرفارمنس نہ دے سکے اور صرف 19 رنز کے مہمان ٹھرے، تاہم دوسری جانب موجود امام الحق محتاط انداز میں رنز بناتے رہے۔ امام الحق اس وقت بدقسمت ٹھہرے جب 90 کے اسکور پر ایڈم ملن کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور سنچری نہ بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آغا سلمان نے بالترتیب 32، 31 رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو بہتر اسکور پر لا کھڑا کیا۔ اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 21 اور محمد نواز نے 11 رنز بنائے جبکہ پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بناسکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری کامیاب بولر ٹھہرے، انہوں نے 3 وکٹیں لیں۔ ایڈم ملن نے دو جبکہ کول میک کونچی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔













