4سال بعد بیٹنگ کیلئے میدان میں آیا تو دل کی دھڑکنیں تیز تھیں، سرفراز احمد

کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جب وہ 4 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کرنے کےلیے میدان میں آئے تو دل کی دھڑکنیں تیز تھیں، اعصاب بے قابو تھے لیکن خود کو نارمل کیا اور بیٹنگ کی، امید ہے کہ جو رنز کئے وہ ٹیم کے کام آئیں۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں کل ٹریننگ پر بتایا گیا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے، وہ کافی پرجوش تھے اور پریشر بھی تھا کیونکہ کافی ٹائم بعد کم بیک ہو رہا تھا، گزشتہ رات شاہد آفریدی سے بات ہوئی انہوں نے بھی کافی حوصلہ افزائی کی تھی۔انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، اپنے کلب کے منیجر اعظم خان سمیت ان افرد کا شکریہ ادا کیا، جن کے ہاتھوں میں سرفراز نے کرکٹ کھیلی، سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے انہیں گرنے سے بچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ذاتی اہداف کی اہمیت اپنی جگہ لیکن کوشش ہوگی کہ ایسی اننگز کھیلیں جو ٹیم کے کام آئے۔پچاس ٹیسٹ کا سنگ میل عبور کرنے پر سرفراز احمد نے کہا کہ لوگوں کا تو ایک ٹیسٹ کھیلنا بھی خواب ہوتا ہے، وہ اللّٰہ کے شکرگزار ہیں کہ 50 ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسا موقع ملے گا۔