لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کی نائب کپتانی خطرے میں پڑگئی، اس کی بڑی وجہ پاک افغان ٹی 20 سیریز میں تاریخی ناکامی کو بھی قرار دیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تینوں فارمیٹ کے نائب کپتان مختلف ہیں جیسے کہ پاکستان ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں ،ٹیسٹ کے نائب کپتان محمد رضوان ہیں اور آل راؤنڈر شاداب خان ون ڈے اور ٹی 20 میں بابر اعظم کے نائب کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 2020 میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان تو بن گئے لیکن اب اطلاعات ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ شاداب خان کو اس عہدے سے ہٹانے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کی حکمت عملی نیوزی لینڈ کیخلاف اپریل 2023 میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی 20 سیریز سے سامنے آنے امکان ہے ۔ اسامہ میر کو نائب کپتان بنانے کی بھی خبریں گردش میں ہیں ۔
