لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کون کرے گا، ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں،پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آخری اسائنمنٹ ہے کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی ایک سال کے لیے رواں برس فروری میں تقرری کی تھی،ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی ایک سالہ تقرری کا اعلامیہ بھی جاری کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی مدت فروری 2023 میں ختم ہو جائے گی، جبکہ این ایچ پی سی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی سیریز ٹو سیریز تقرری ہوتی رہی۔ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے کہنے پر محمد یوسف مستقل ٹیم کے ساتھ ہی تعینات رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اب ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے عمل آغاز کرے گا۔چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کوچ کی تقرری کے بارے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئندہ کوچ غیر ملکی ہوگا، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں،ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین بھی مکی آرتھر کی تقرری کے حق میں ہیں، جلد کوچ کی تقرری کے باضابطہ طریقہ کار کا آغاز کر دیا جائے گا۔