اہم خبریں

وزیراعظم والی بال ٹیلنٹ ہنٹ اسلام آباد کے ٹرائلز کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئے

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وزیراعظم والی بال ٹیلنٹ ہنٹ اسلام آباد کے ٹرائلز کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (PMYP) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان (HEC) کے زیراہتمام نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد میں مردوں کے والی بال کے ٹرائلز اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں منعقدہ خواتین کے والی بال کے ٹرائلز میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔23-24 فروری 2023 کو منعقد ہونے والی دو روزہ سرگرمی فیڈرل ریجن کے لڑکوں کے ٹرائلز کا حصہ ہے۔ پاکستان کے سابق وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ طارق فضل چوہدری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ طارق فضل نے اسلام آباد میں والی بال کے کامیاب ٹرائلز کے انعقاد پر پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل نے کہا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا والی بال کے ٹرائلز کا ملک بھر میں انعقاد قابل ستائش اقدام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے ٹرائلز میں حصہ لینے کا بہترین موقع ہے تاکہ وہ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا، ان ٹرائلز کے ذریعے نوجوانوں کو ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے میں مدد ملے گی۔فیڈرل ریجن میں والی بال کے ٹرائلز کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 22 فروری 2023 کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان مہمان خصوصی تھےجبکہ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل اعزازی مہمان تھیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل خواتین کے فیڈرل والی بال کے ٹرائلز فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئے تھے، اسی طرح والی بال کے ٹرائلز بہاولپور اور فیصل آباد میں بھی کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کا ایک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کا مقصد 12 مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے جن میں بیڈمنٹن، باکسنگ، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ہاکی، جوڈو، اسکواش، ٹیبل ٹینس، اور والی بال مردوں اور عورتوں کے لیے ہیں جبکہ ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ لڑکوں کے لیے مختص ہیں۔ یاد رہے یہ ٹرائلز وفاق بشمول آزاد جموں و کشمیر، اور گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے 25 مختلف مقامات پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔مذکورہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے صحت مند جسمانی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔ کھیلوں میں شرکت سےنوجوانوں کو ایک خود اعتماد، منظم اور قابل افرادی قوت میں تبدیل کرنے میں مدد ملتی ہے جو ملک میں مثبت سماجی تبدیلی اور معاشی بہبود لا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں