کراچی(نیوز ڈیسک) شعیب اختر کے شو میں ندایاسر کا دلچسپ جواب،پاکستان نے 2009 کا ورلڈ کپ 1992 میں جیتا،صارفین نے خوب تنقید کی اور میمز بنائیں، یاسر حسین بھی پیچھے نہ رہے کہا ندا کو سی ایس ایس کا امتحان دینا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اختر کے شو میں پاکستان کی دو معروف مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر اور شائستہ لودھی بطور مہمان شریک ہوئیں، دوران شو شعیب نے سوال کیا کہ ‘پاکستان 1992 کا ورلڈ کپ کب یعنی کس سال جیتا تھا؟’سوال سن کر ندا تھوڑا سا سوچ میں پڑیں اور پھر شائستہ کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا 2006 میں جیتا تھا؟ جس پر شائستہ نے نفی میں سر ہلایا، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ شعیب نے شائستہ کو کچھ بھی بولنے سے روک دیا۔ اس کے بعد ندا نے پھر شائستہ سے پوچھا کہ ‘1996 میں جیتا تھا؟’ جس پر شائستہ لودھی نے انہیں گھورا، اس کے بعد شعیب نے سوال بدلا اور کہا پاکستان 2009 کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا؟ ندا نے جواب دیا 1992 میں، جس پر شائستہ نے کہا کہ سوال تو سنو۔ ندا یاسر اور شعیب اختر کا مذکورہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل جس پر صارفین نے ندا یاسر کو کافی ٹرول کیا۔تاہم اب ندا یاسر کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے۔ ندا نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ‘ ایسا میں نے کیا کردیا؟ لوگ اپنی تاریخ پیدائش اور شادی کی تاریخ اوربہت کچھ بھول جاتے ہیں ،انہوں نے لکھا کہ ‘مجھے معلوم ہے کہ حالات کی وجہ سے بہت ڈپریشن ہے، اگر میری کسی غلطی سے آپ کے چہرے پر مسکراہٹ آرہی ہے تو کھل کر ہنسیں لیکن جس کو اللہ رکھے اس کو کون چکھے’۔ ندا یاسر نے کہا کہ جو مجھ سے واقعی پیار کرتے ہیں وہ کرتے رہیں گے، اس لیے میرا نعرہ ہے پیچھے ہٹ۔ اسی وائرل کلپ پر صارفین نے ندا یاسرکی خوب ٹرولنگ کی اور میمز بنائیں ۔یاسر حسین نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور لکھا کوئی بھی شخص اگر صبح صبح 2 گھنٹے کا لائیو شو کرے گا تو اس کا بھی دماغ اتنا ہی چلے گا،میرے خیال میں ندا کیوٹ ہیں اور میرے خیال سے انہیں سی ایس ایس (مقابلے) کا امتحان دینا چاہیے۔















