کولمبو(اے بی این نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیدرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا کا کہنا تھا سری لنکا میں پہلی بار ایسی پچ دیکھ رہاہوں ، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے مگر پہلے بیٹنگ پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، بالکل اسی طرح جیسے باقی تین میچز بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شریک 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے روز 3 میچز ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، جبکہ میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے اس لیے ٹاس بہت زیادہ اہم ہوگا۔
آج ہونے والے دیگر میچوں میں ویسٹ انڈیز اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ بھارت کی ٹیم آمریکا کے مدمقابل ہوگی۔
مزید پڑھیں: آج بروز ہفتہ 7 جنوری 2026 موسم کی تازہ ترین صورتحال















