اہم خبریں

’’رونالڈو لاپتہ‘‘ کا پوسٹر سعودیہ میں وائرل

سعودی عرب(اے بی این نیوز)سعودی پرو لیگ کے ایک میچ میں النصر کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی عدم شرکت نے مداحوں کو طنز و مزاح کا موقع دے دیا، اور سوشل میڈیا پر ان سے متعلق منفرد ’لاپتہ شخص‘ کا پوسٹر وائرل ہو گیا۔ وائرل پوسٹر میں رونالڈو کی تصویر کے ساتھ بڑے حروف میں ’لاپتہ‘ درج ہے، جبکہ تصویر میں وہ روتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، یہ پوسٹر سعودی عرب کی سڑکوں پر بھی آویزاں نظر آیا، اس پر عربی زبان میں لکھا ہے کہ ’’چالیس سالہ شخص شدید رنج کی حالت میں ہے اور اس کا خاندان اسے تلاش کر رہا ہے‘‘ یہ طنزیہ مہم اس وقت سامنے آئی جب رونالڈو نے پیر کو النصر اور الریاض کے درمیان ہونے والے لیگ میچ میں حصہ نہیں لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو کی عدم شرکت کی ایک وجہ حریف کلب الہلال کی جانب سے کریم بینزیما کو سائن کیا جانا بھی بتائی جا رہی ہے، جس پر وہ مبینہ طور پر ناخوش ہیں، کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے کلبوں کے درمیان سہولتوں اور حمایت کے فرق پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ النصر اور الہلال دونوں کو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی پشت پناہی حاصل ہے، تاہم رونالڈو مبینہ طور پر بینزیما کی الہلال میں شمولیت پر خاصے نالاں ہیں، کیونکہ وہ ٹائٹل کی دوڑ میں النصر کا بڑا حریف ہے۔ رونالڈو کی غیر موجودگی کے باوجود النصر نے الریاض کے خلاف میچ 0-1 سے جیت لیا اور پوائنٹس ٹیبل پر الہلال سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔

النصر کا اگلا میچ جمعے کو الاتحاد کے خلاف شیڈول ہے، اور شائقین اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ آیا رونالڈو اس مقابلے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں، جبکہ ان کے سعودی عرب چھوڑنے سے متعلق قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں۔لاہور قلندرز نے مستفیض کو ڈائریکٹ سائن کرلیا، شاہین کو کتنے کروڑ میں ریٹین کیا؟

متعلقہ خبریں