میکسیکو(اے بی این نیوز)وسطی میکسیکو میں ایک فٹبال گراؤنڈ پر مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ ملک میں بڑھتی ہوئی مجرمانہ تشدد کی تازہ مثال ہے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست گواناخواتو کے تشدد سے متاثرہ شہر سلامانکا کے علاقے لوما دے فلوریس میں ایک مقامی فٹبال میچ کے اختتام کے فوراً بعد پیش آیا۔
بلدیاتی اور ریاستی حکام کے مطابق، میچ ختم ہونے کے بعد جب لوگ میدان میں جمع تھے، اسی دوران مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔
میچ کے بعد اندھا دھند فائرنگ
سلامانکا کے میئر سیزر پریئتو نے بتایا کہ ایک مسلح گروہ میدان میں داخل ہوا اور لوگوں پر بلاامتیاز فائرنگ شروع کر دی، جس سے موقع پر ہی 10 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ایک بیان میں میئر نے کہا کہ شہر میں مجرمانہ تشدد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور منظم جرائم پیشہ گروہ ریاستی رٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
’بدقسمتی سے کچھ مجرمانہ گروہ حکام کو زیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
وفاقی حکومت سے مدد کی اپیل
صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے میئر سیزر پریئتو نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم اور ریاستی حکام سے اضافی سیکیورٹی مدد کی براہِ راست اپیل کی۔
’ہم اس وقت ایک نہایت سنجیدہ مرحلے سے گزر رہے ہیں، ایک سماجی بحران کا سامنا ہے۔ مجرمانہ گروہ ریاستی اختیار کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
تحقیقات کا آغاز
ریاست گواناخواتو کے پروسیکیوٹر آفس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے وفاقی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے ریاستی اور وفاقی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔
گواناخواتو گزشتہ برس میکسیکو میں سب سے زیادہ قتل کی وارداتوں والی ریاست رہی۔ حالیہ برسوں میں یہ علاقہ منظم جرائم کا گڑھ بن چکا ہے۔
جہاں خاص طور پر جالیسکو نیو جنریشن کارٹیل اور سانتا روزا دے لیما کارٹیل کے درمیان علاقے اور غیر قانونی منڈیوں پر قبضے کی جنگ جاری ہے۔
مزیدپڑھیں: تنخواہ نہ ملنے پر میکسیکو میں پائلٹ کا انوکھا احتجاج، خود کو کاک پٹ میں بند کرلیا
اس تنازع کے نتیجے میں ریاست میں متعدد اجتماعی فائرنگ کے واقعات، سینکڑوں قتل، جبری گمشدگیاں اور خفیہ اجتماعی قبروں کی دریافت ہو چکی ہے۔
قومی اعداد و شمار اور زمینی حقیقت
میکسیکو کی وفاقی حکومت کے مطابق 2025 میں ملک میں قتل کی شرح کم ہو کر 17.5 فی ایک لاکھ آبادی ہو گئی، جو 2016 کے بعد کم ترین سطح ہے۔
تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ قومی سطح کے یہ اعداد و شمار گواناخواتو جیسے علاقوں میں موجود شدید اور مقامی تشدد کی حقیقت کو چھپا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں















