دبئی،ڈھاکا ( اے بی این نیوز ) افغان کرکٹ کے اسٹار آل راؤنڈر محمد نبی نے اپنے بیٹے حسن عیسیٰ خیل کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیل کر کرکٹ کی تاریخ میں منفرد باب رقم کر دیا۔ دونوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں نوکھالی ایکسپریس کی نمائندگی کرتے ہوئے شائقین کرکٹ کی توجہ سمیٹ لی۔
میچ کے دوران محمد نبی اور 19 سالہ حسن عیسیٰ خیل نے چوتھی وکٹ پر شاندار 53 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ حسن عیسیٰ خیل نے اپنی پہلی ہی اننگز میں اعتماد اور جارحانہ انداز کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 92 رنز اسکور کیے، جسے کرکٹ ماہرین نے ایک یادگار ڈیبیو قرار دیا۔یہ باپ بیٹے کی جوڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی ٹیم سے کھیلنے والی جوڑی بن گئی ہے، جو افغان کرکٹ کے لیے ایک تاریخی اور جذباتی لمحہ ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیلنا ان کے لیے باعثِ فخر اور خوشی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے اور حسن کو بچپن سے ایک پروفیشنل کرکٹر بنانے کے لیے محنت کی، جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔
دوسری جانب حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ وہ اپنے والد کو نہ صرف والد بلکہ بہترین دوست بھی سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق محمد نبی عام حالات میں نرم مزاج ہیں، تاہم ٹریننگ کے دوران خاصی سختی کرتے ہیں۔ حسن نے کہا کہ افغان قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کا سب سے بڑا خواب ہے، جس کے لیے وہ بھرپور محنت جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں نئے کرنسی کے نوٹ تیار















