دبئی (اے بی این نیوز )بھوٹان کے نوجوان بولر سونم ییشے نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی شاندار کارکردگی دکھا دی جس نے عالمی ریکارڈ بُک کو نئی سطر دینے پر مجبور کر دیا۔ میانمار کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سونم ییشے نے صرف چار اوورز میں محض سات رنز دے کر آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی بہترین بولنگ پرفارمنس قائم کر دی۔
میچ میں میانمار کی ٹیم 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری، مگر سونم ییشے کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ان کی ایک نہ چل سکی۔ یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سونم ییشے کی لائن، لینتھ اور سوئنگ نے بیٹنگ لائن اپ کو مکمل طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا، جبکہ بلے بازوں کے پاس بچاؤ کا کوئی راستہ نہ رہا۔
اس تاریخی کارکردگی کے ساتھ ہی سونم ییشے نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز مشترکہ طور پر مختلف بولرز کے پاس تھا جنہوں نے ایک اننگز میں سات سات وکٹیں حاصل کی تھیں، مگر سونم ییشے نے آٹھ شکار کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولنگ کے شاندار اسپیلز کی بات کی جائے تو ماضی میں پاکستان کے عمر گل کا 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف چھ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنا ایک عرصے تک معیار سمجھا جاتا رہا۔ اس کے علاوہ شاہد آفریدی، سعید اجمل اور شاداب خان بھی عالمی سطح پر پانچ وکٹیں لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، تاہم سونم ییشے کی کارکردگی نے ان تمام ریکارڈز کو ایک نئی جہت دے دی ہے۔
مزید پڑھیں :کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، خودکش حملے کیلئے تیار کم عمر طالبہ کو ریسکیو کرلیا گیا















