اہم خبریں

ٹی20ورلڈ کپ، قومی کرکٹ ٹیم کیلئے اچھی خبر نہیں،جا نئے کیا

اسلام آباد (  اے بی این نیوز      ) قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بڑا دھچکا لگنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کیونکہ اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنے میں تکلیف محسوس کرنے لگے، جس کے بعد انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔

میچ کے دوران شاہین آفریدی واضح طور پر درد میں مبتلا دکھائی دیے اور لنگڑاتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے انہیں مزید کھیلنے سے روک دیا، جبکہ انجری کی شدت جانچنے کے لیے ایم آر آئی اسکین کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طبی رپورٹس آنے تک ان کی بگ بیش لیگ کے آئندہ میچز میں شرکت غیر یقینی قرار دی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین آفریدی گھٹنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں، جس نے شائقین کرکٹ کو مزید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہین ماضی میں بھی گھٹنے کی سنگین انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہ چکے ہیں۔

اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو ایک مکمل فٹ اور فارم میں موجود شاہین شاہ آفریدی کی اشد ضرورت ہے۔ ان کی ممکنہ انجری نہ صرف بگ بیش لیگ بلکہ قومی ٹیم کی منصوبہ بندی کے لیے بھی ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ شائقین کرکٹ اور ٹیم مینجمنٹ دونوں کی نظریں اب میڈیکل رپورٹس پر جمی ہوئی ہیں، جبکہ مداح ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

مزیدپڑھیں :پی ٹی آئی سے مذاکرات،ایاز صادق نے نئی پیشکش کر دی،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں