سڈنی (اے بی این نیوز)بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی ٹیم سڈنی سکسرز کے وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ نے بی بی ایل 15 میں بابراعظم کے سست آغاز کے باوجود ان کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ بابراعظم سڈنی سکسرز کی جانب سے اپنے ابتدائی دو میچز میں ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ وہ پرتھ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں صرف 2 رنز بنا سکے جبکہ ایڈیلیڈ کے خلاف میچ میں 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
جوش فلپ کا کہنا تھا کہ بابراعظم عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور آسٹریلیا کی باؤنسی پچز پر ایڈجسٹ ہونا ہر غیر ملکی بلے باز کے لیے ایک چیلنج ہوتا ہے مگر وہ جلد ہی فارم میں واپس آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چند میچز کھیلنے اور مزید سیشنز کے بعد بابراعظم بالکل ٹھیک ہو جائیں گے، ان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ سکسرز کے وکٹ کیپر نے ٹیم کے خراب آغاز پر بھی کسی قسم کی پریشانی کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ٹیم کے ماحول میں کوئی گھبراہٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سکسرز دو میچ ہارنے کے بعد فائنل کوالیفائر تک پہنچ چکے ہیں۔ جوش فلپ کے مطابق بابراعظم نہ صرف ایک عظیم کھلاڑی ہیں بلکہ ایک خوش اخلاق انسان بھی ہیں اور ٹیم انہیں اپنے ساتھ رکھ کر خوش ہے۔
مزیدپڑھیں: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان















