اہم خبریں

پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز آج سے راولپنڈی میں شروع، شاہین کی قیادت میں فتح کی امید

راولپنڈی(اے بی این نیوز)پاکستان اپنی وائٹ بال کرکٹ میں جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف 3 میچز کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کرے گا۔ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 13 اور 15 نومبر کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز دوپہر 2:30 بجے شروع ہوں گے، جبکہ ٹاس 2 بجے ہوگا۔

یہ سیریز پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد ہو رہی ہے، جہاں میزبان ٹیم نے ٹی20 اور ون ڈے دونوں سیریز 2-1 سے جیتیں۔ یہ شاہین شاہ آفریدی کے لیے ون ڈے کپتان کے طور پر پہلا موقع تھا، اور انہوں نے قیادت کرتے ہوئے پاکستان کو یادگار جیت دلائی۔

سیریز کے بعد پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹرائی نیشن ٹی20 سیریز میں حصہ لے گا، جو 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

تاریخی ریکارڈ اور کھلاڑیوں کی کارکردگی
اب تک پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 157 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جس میں پاکستان نے 93 اور سری لنکا نے 59 میچز جیتے۔ ایک میچ ٹائی رہا اور 4 کا نتیجہ نہیں نکلا۔ پاکستان میں دونوں ٹیموں نے 30 میچز کھیلے، جن میں پاکستان کا ریکارڈ 18-12 ہے۔

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف 12 ون ڈے میچز میں 535 رنز بنائے، 3 سینچریاں اور ایک نصف سینچری شامل ہیں، اور 2019 کی کراچی سیریز میں ان کا سب سے زیادہ سکور 115 رہا۔

سری لنکا کے خلاف ہمارا مقصد جیت کا تسلسل برقرار رکھنا ہے، شاہین شاہ آفریدی
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہمارا مقصد جیت کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔ ہمیں اپنی کارکردگی میں تسلسل پیدا کرنا ہوگا اور ہر شعبے میں بہتر ہونا ہوگا۔

مزید پڑھیں۔شیخ رشید کو عمرہ سے روکنے پر حکومت کو نوٹس، ڈی جیز عدالت طلب

متعلقہ خبریں