ولنگن (اے بی این نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کین ولیمسن کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی ہے۔نیوزی لینڈ بورڈ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسٹار کرکٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے تاکہ دسمبر میں ٹیسٹ میچز کی سیریز پر توجہ دے سکیں۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔اسٹار کرکٹر نے 2011 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 93 میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 18 نصف سنچریوں کے ساتھ 2 ہزار 575 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ کین ولیمسن کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 2 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل اور ایک مرتبہ فائنل تک پہنچی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں آج بروز اتوار،2 نومبر2025 موسم کی تازہ ترین صورتحال















