اہم خبریں

ویمنز ورلڈ کپ،سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ

کولمبو ( اے بی این نیوز )کولمبو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں، اس لیے آج کی جیت ان کے لیے ٹورنامنٹ کا پہلا اور آخری حوصلہ افزا نتیجہ بن سکتی ہے۔

مون سون بارشوں کے باعث ٹاس میں دو گھنٹے 45 منٹ کی تاخیر ہوئی اور میچ کو 34 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔ پاور پلے سات اوورز کا ہوگا جبکہ ایک بولر زیادہ سے زیادہ سات اوورز اور دیگر بولرز چھ چھ اوورز کرا سکیں گے۔ گیلے آؤٹ فیلڈ کے باعث اسکوائر باؤنڈریز کو بھی 56 اور 60 میٹر تک اندر لایا گیا ہے، جبکہ شام کے باقی حصے میں مزید بارش کی پیشگوئی نے مقابلہ مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔

سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے کہا کہ بارش زدہ حالات بیٹنگ کو مشکل بنا رہے ہیں، اس لیے ان کی بالنگ یونٹ میچ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میچ میں جیت کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے مناسب لگ رہی ہے اور مختصر فارمیٹ پاکستان کی بیٹنگ لائن کو فائدہ دے سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم آخری میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

ٹیم کمبینیشن میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سری لنکا نے تیز گیند باز اڈیشیکا پربودانی کی جگہ اسپن آل راؤنڈر دیومی وہنگا کو شامل کیا ہے۔ پاکستان نے دو تبدیلیاں کیں جن کے تحت سدرہ نواز اور ڈیانا بیگ باہر ہو گئیں جبکہ ان کی جگہ ایمن فاطمہ اور سیدہ عروب شاہ نے ٹیم میں واپسی کی ہے۔

مزید پڑھیں :ٹانک ،انڈین پراکسی خوارج کی موجودگی پر آپریشن،8 بھارتی سرپرست خوارج جہنم رسید

متعلقہ خبریں