سڈنی ( اے بی این نیوز ) سڈنی آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی معروف ٹیم سڈنی سکسزرز نے پاکستانی کرکٹ اسٹار بابراعظم کے مداحوں کے لیے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے ’’بابرستان‘‘ کے نام سے خصوصی فین زون متعارف کروا دیا ہے۔ یہ زون بابراعظم کے عالمی شہرت یافتہ کیرئیر اور ان کے مداحوں کی محبت کو خراجِ تحسین پیش کرے گا۔
کلب انتظامیہ کے مطابق بابراعظم، جو اس سیزن میں سڈنی سکسزرز کی نمائندگی کریں گے، دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں، اور ان کی آمد ٹیم کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ ’’بابرستان‘‘ نہ صرف ان کے فینز کے لیے بلکہ ہر کرکٹ شائق کے لیے ایک یادگار اور دلچسپ تجربہ ثابت ہوگا۔
اس خصوصی زون میں شائقین کو کرکٹ کے رنگوں، جوش اور بابراعظم کے کھیل کے جادو کو قریب سے محسوس کرنے کا موقع ملے گا۔ یہاں فینز کے لیے تھیمڈ سجاوٹ، خصوصی نشستیں، مرچنڈائز، اور لائیو ایکشن کا بھرپور ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ ہر مداح اپنے پسندیدہ اسٹار کی موجودگی کا لطف اٹھا سکے۔
سڈنی سکسزرز نے اعلان کیا ہے کہ ’’بابرستان‘‘ کا افتتاح 17 دسمبر کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران کیا جائے گا۔ کلب نے بتایا کہ فین زون کی نشستیں محدود ہیں، اس لیے شائقین جلد از جلد اپنی ٹکٹیں حاصل کریں تاکہ اس تاریخی لمحے کا حصہ بن سکیں۔
انتظامیہ کے مطابق ’’بابرستان‘‘ کا مقصد صرف ایک فین زون بنانا نہیں بلکہ کرکٹ کے ذریعے عالمی تعلقات کو فروغ دینا بھی ہے۔ بابراعظم نے اپنی بہترین کارکردگی، پیشہ ورانہ رویے اور منفرد اسٹائل سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح بنائے ہیں، اور یہ فین زون ان کی عالمی مقبولیت کا مظہر ہے۔
پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے یہ اعلان خوشی کی بڑی خبر ہے، کیونکہ اب آسٹریلیا میں بھی ان کے ہیرو کے نام سے منسوب ایک ایسا مقام ہوگا جہاں وہ بابراعظم کی کامیابیوں کا جشن بھرپور انداز میں منا سکیں گے۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر کی نمازہ جنازہ ادا،جسد خاکی آبائی گائوں روانہ