لاہور ( اے بی این نیوز )پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز ملتان سلطانز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ملتان سلطانز کو قانونی نوٹس بھجوائے جانے کے بعد ٹیم کے مالک علی ترین نے باقاعدہ طور پر نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے۔ملتان سلطانز کے ترجمان کے مطابق انہیں پی سی بی کے نوٹس پر شدید افسوس ہے اور ان کا کہنا ہے کہ علی ترین کے تمام بیانات پاکستان سپر لیگ کے مفاد میں تھے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ علی ترین نے ہمیشہ کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کیا ہے اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی کی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سات ارب روپے کے بھاری نقصان کے باوجود علی ترین اور ان کی ٹیم نے پی ایس ایل کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید کو جرم سمجھنا پی ایس ایل انتظامیہ کی کمزوری ظاہر کرتا ہے اور ایسا رویہ لیگ کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ملتان سلطانز کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ سوالات سننے اور جواب دہی سے گریزاں ہے۔ فرنچائز نے امید ظاہر کی کہ بورڈ معاملات کو مثبت انداز میں حل کرے گا تاکہ لیگ کو مزید مضبوط اور شفاف بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :بڑی سیاسی جماعت پر پابندی