راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم کو بیٹنگ آرڈر برقرار رکھنے میں کچھ مشکلات درپیش ہیں اور کھلاڑی مطلوبہ رنز نہیں بنا پا رہے، جو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غلطیاں آئندہ نہیں ہونی چاہئیں اور پوری ٹیم ان پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سعود شکیل نے کہا کہ مسلسل وکٹیں کھونا نقصان دہ ہوتا ہے، اس لیے آئندہ میچوں میں توجہ بیٹنگ استحکام پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ آصف علی ٹیم کا حصہ بنے کیونکہ ان کا تجربہ ٹیم کے لیے قیمتی ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کل کا پہلا سیشن میچ کے لیے فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے کیونکہ چوتھی اننگز اس وکٹ پر کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقہ کو جتنی جلد ممکن ہو آؤٹ کر دیا جائے تاکہ ہدف کم رکھا جا سکے۔
وکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ ابتدا میں وہ سمجھ رہے تھے کہ پچ اسپنرز کو مدد دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کے مطابق وکٹ کا کردار میچ کے نتیجے پر بڑا اثر ڈالتا ہے، جیسا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں دیکھا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وکٹ بیٹنگ کے لیے بہتر ہے، جو کھلاڑی کریز پر زیادہ وقت گزارے گا وہ کامیابی حاصل کرے گا۔ سعود شکیل نے بتایا کہ وہ اظہر علی سے وکٹ اور بیٹنگ کے حوالے سے مشورے لیتے رہتے ہیں تاکہ اپنی کارکردگی میں بہتری لا سکیں۔
مزید پڑھیں :پاکستان افغانستان کے مابین مسائل کا حل کیسے ممکن، پی ٹی آئی نے فارمولہ دیدیا،جا نئے کیا