کراچی( اے بی این نیوز )پاکستان کے اسنوکر کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والے علی اصغر ولیکا طویل علالت کے بعد جمعہ کے روز کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 78 برس تھی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ ہفتے کی صبح میوہ شاہ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔
علی اصغر ولیکا پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (PBSA) کے سابق صدر رہے اور انہوں نے 1988 سے دو دہائیوں تک اس کھیل کی خدمت کی۔ ان کے دورِ صدارت میں پاکستان میں اسنوکر کے فروغ کے لیے بے پناہ اقدامات کیے گئے جنہوں نے ملک میں اس کھیل کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔
ان کی قیادت میں محمد یوسف نے 1994 میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں IBSF ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کے لیے تاریخ رقم کی۔ اس وقت علی اصغر ولیکا پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔
علی اصغر ولیکا نے نہ صرف پاکستان میں ایشین اور ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی ممکن بنائی بلکہ 1993 میں کراچی میں ہونے والی تاریخی 33 ملکی IBSF ورلڈ چیمپئن شپ کے انعقاد میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی کاوشوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر اسنوکر کی دنیا میں ایک مثبت مقام دیا۔
ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (IBSF) کے سینئر نائب صدر اور ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈز اسپورٹس (ACBS) کے صدر کے عہدوں پر بھی تعینات کیا گیا۔
اصغر ولیکا پیشے کے لحاظ سے ایک کامیاب تاجر اور ولیکا انڈسٹریز کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔ انہوں نے کھیل کے میدان میں اسپانسرشپ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم کے پسماندگان میں بیوی، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ علی اصغر ولیکا کا انتقال پاکستان میں اسنوکر کے ایک سنہری دور کا اختتام ہے۔ رنگ برنگی گیندوں کے کھیل کو عالمی پہچان دلانے والا یہ عظیم منتظم سادگی سے زندگی گزار کر ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گیا۔
مزید پڑھیں :ڈیرہ اسماعیل خان، پولیس ٹریننگ سینٹر پر دھاوا،بھاری نفری پہنچ گئی،مقابلہ جاری، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ،جا نئے تفصیلات