دبئی(نیوز ڈیسک)ٹی 20 ایشیاء کپ 2025 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دے دیا۔ دبئی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی، تاہم صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع اسکور تک پہنچا دیا۔ فرحان نے 44 گیندوں پر 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 33 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، جن میں 4 شاندار چھکے بھی شامل تھے۔
میچ کا آغاز پاکستانی بیٹنگ کے لیے مایوس کن رہا۔ پہلے ہی اوور میں صائم ایوب ہاردک پانڈیا کا شکار بنے، پھر اگلے اوور میں جسپریت بمرا نے محمد حارث کو صرف 3 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے کچھ دیر مزاحمت کی اور تیسری وکٹ پر 39 رنز کا اضافہ کیا، تاہم فخر زمان 15 گیندوں پر 17 رنز بنا کر 8ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 13ویں اوور میں حسن نواز 5 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ اگلی ہی گیند پر محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
ٹاس کے وقت پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کر کے بھارت کو ایک اچھا ہدف دے گی۔ پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی پچھلی الیون کو برقرار رکھا۔ فائنل الیون میں سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل تھے۔ بھارت کی ٹیم میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سنجو سیمسن، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکثر پٹیل، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا اور ورن چکرورتی شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کا اسٹیڈیم آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ دبئی میں پاکستانی شائقین نے “دل دل پاکستان” کے نعروں سے ٹیم کا جوش بڑھایا۔ پاکستان نے اس سے قبل عمان کو 93 رنز سے شکست دی تھی اور سہ ملکی سیریز کا فائنل بھی 75 رنز سے جیتا تھا۔ دونوں ٹیموں نے اپنے آخری پانچ میں سے صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کیا ہے۔ بھارت نے آخری چار میچز انگلینڈ کے خلاف کھیلے، جب کہ پاکستان نے افغانستان، عمان اور یو اے ای جیسی ٹیموں سے مقابلے کیے۔
ایشیاء کپ کی تاریخ میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 19 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں 10 بار بھارت فاتح رہا، جبکہ پاکستان نے 6 مقابلے جیتے۔ بھارت 8 بار ایشیاء کپ کا چیمپیئن رہ چکا ہے اور پاکستان نے یہ اعزاز دو بار اپنے نام کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد بپھرے دریا سندھ میں داخل