ممبئی (اے بی این نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر جسپریت بمراہ کی انگلینڈ کیخلاف مایوس کن کارکردگی نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اس سے قبل بھارتی بولر فٹنس کے مسائل کا شکار رہے جس کے باعث ان کی بولنگ میں اتنی رفتار نظر نہیں آرہی جتنی انجری سے قبل تھی۔
تاہم اب جسپریت بمراہ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں زیر گردش ہیں، سابق بھارتی کھلاڑی نے بمراہ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق دعویٰ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی بیٹر محمد کیف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹار پیسر جسپریت بمراہ ممکن ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں، کیونکہ وہ انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں اپنے کام کے بوجھ کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بمراہ جنہوں نے اب تک 13 وکٹیں حاصل کی ہیں، موجودہ مانچسٹر ٹیسٹ میں وہ پہلے جیسے دکھائی نہیں دے رہے۔محمد کیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ بھارتی ٹیم کو طویل فارمیٹ میں بمراہ کے بغیر کھیلنے کی تیاری کرنی پڑ سکتی ہے۔ سیریز شروع ہونے سے قبل بھارت کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے تصدیق کی تھی کہ بمراہ انگلینڈ کی پانچ ٹیسٹ میچوں میں سے صرف تین میں کھیلیں گے۔
سابق بھارتی کھلاڑی نے ایکس پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ آپ لوگ بمراہ کو انہیں آنے والے ٹیسٹ میچوں میں کھیلتے دیکھیں گے۔ اور ممکن ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ بھی لے لیں۔ وہ اپنی جسمانی حالت کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔
ان کا جسم مکمل طور پر تھک چکا ہے۔ مینچسٹر ٹیسٹ میں ان کی رفتار کم رہی۔ اس ٹیسٹ میچ میں ان کی بولنگ میں کوئی رفتار نظر نہیں آئی۔محمد کیف کا کہنا تھا کہ اگر جسپریت بمراہ کو لگے کہ ان کی کارکردگی معیار کے مطابق نہیں ہے، تو ممکن ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چھوڑ دیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ ،3 بچوں کی ماں قتل