اسلام آباد (اے بی این نیوز ) ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6-2 سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ہاف میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 5-0 سے پیچھے چھوڑ دیا۔ کیویز نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی دفاع پر مسلسل دباؤ ڈالا۔ پنلٹی کارنرز اور فیلڈ گولز کی مدد سے انہوں نے پاکستان کو قابو پانے کا موقع نہیں دیا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے دو گول کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش ناکافی ثابت ہوئی۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جب کہ نیوزی لینڈ نے دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔
کوالالمپور میں ہونے والے فائنل میچ کا آغاز شام 6 بجے ہوا، جہاں پاکستانی شائقین بھی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے۔