اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی مسلسل خراب کارکردگی کی بنا پر ان کے لیے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔
پاکستان کو اکتوبر 2025 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی اگلی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے، اور ذرائع کے مطابق شان مسعود کی کپتانی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ اگر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا تو سعود شکیل کو ممکنہ طور پر نئے کپتان کے طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی اہم بات ہے کہ حالیہ تعینات ہونے والے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی رائے بھی کپتان کی تقرری میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
شان مسعود نے نومبر 2023 میں ٹیسٹ کپتانی سنبھالی تھی، مگر ان کی قیادت میں پاکستان نے 12 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں سے صرف 3 جیتے اور 9 میں شکست کا سامنا کیا۔ اس دوران پاکستان کا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سرکل میں سفر مایوس کن رہا اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر رہی۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آئندہ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کس کھلاڑی کو کپتان مقرر کیا جاتا ہے۔