اسلام آباد ( اے بی این نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کو معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے جاری ایک ہنگامی بیان میں کیا گیا، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور لاجسٹک چیلنجز کا حوالہ دیا گیا۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی سی بی نے کل رات عندیہ دیا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بقیہ میچز دبئی منتقل کیے جائیں گے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون حملے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے تھے۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں پی ایس ایل کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہو گئی تھیں تاہم بدلتی ہوئی زمینی صورتحال اور بین الاقوامی دباؤ نے پی سی بی کو ٹورنامنٹ مکمل طور پر معطل کرنے پر مجبور کر دیا۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ “ہم کھلاڑیوں، فرنچائزز، براڈکاسٹرز اور شائقین کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، اور موجودہ حالات میں پی ایس ایل کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔”
پی ایس ایل کے دوبارہ شروع ہونے کے لیے کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم بورڈ متبادل شیڈول پر غور کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہا ہے۔
یہ معطلی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ہندوستان کے دھرم شالہ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا ایک میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ صورتحال کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کی آئی پی ایل کو متحدہ عرب امارات میں منتقل کرنے کی کوششیں اس حقیقت سے پیچیدہ تھیں کہ پاکستان نے پی ایس ایل کے مقامات پہلے ہی بک کر رکھے تھے، جس سے ایک بار پھر کرکٹ پر علاقائی تنازعات کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔
مزید پڑھیں :پاک بھارت کشید گی کے باوجود سونے کی قیمت میں نمایاں کمی،جانئے فی تولہ کتنا سستا ہوا