اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے کراچی کنگز کے نئے کپتان کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کی قیادت سونپی گئی ہے۔ وہ شان مسعود کی جگہ ٹیم کے کپتان بنے ہیں۔ پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔
کراچی کنگز نے اس سال ڈیوڈ وارنر کو پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔ پی ایس ایل 10 کا ٹورنامنٹ 11 اپریل سے 18 مئی 2025ء تک شیڈول ہے، جس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ان میچز میں سے 13 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ ایونٹ میں 3 ڈبل ہیڈرز بھی شامل ہوں گے، جن میں سے 2 میچز ہفتے کو اور ایک قومی تعطیل (یومِ مئی) پر ہوں گے۔ افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔