رانچی (نیوزڈیسک)بھارتی جارح مزاج بلے باز سوریا کمار یادیو نے اپنی ایک ہی باری میں دو نامور ہم وطن بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی رانچی میں کھیلا گیا جہاں کیویز نے باآسانی بھارتی سورماؤں کو 21 رنز سے شکست کا مزہ چکھایا۔ اس میچ میں بھارت کے دیگر کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹر سوریا کمار یادیو نے اپنی بہترین باری کھیلی۔ سوریا کمار یادیو نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 34 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ اس اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رائینا کو پیچھے چھوڑ دیا۔