کراچی(اے بی این نیوز) شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ،، چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن کون بنے گا؟ کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں، کون کس پر بھاری ہوگا؟ طبل جنگ بج چکا، معرکہ آرائی آج سے کراچی میں شروع ہوگی۔
پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہے، اپ گریڈیشن کے بعد تینوں اہم سٹیڈیمز کی حالت بدل چکی ہے، اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہو گا۔
صدر مملکت آصف زرداری آج کے میچ کے مہمان خصوصی ہوں گے، میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہو گی، پاک فضائیہ کے طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔گزشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح کی بدولت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں البتہ میزبان سائیڈ نے بھی بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرنے کا ارادہ کر لیا۔
پاکستان ٹیم کی دیار غیر میں ون ڈے میچز میں کارکردگی شاندار رہی البتہ ہوم گراؤنڈ پر ٹرائنگولر سیریز میں کھلاڑیوں نے مایوس کیا، جنوبی افریقہ کیخلاف رضوان اور سلمان کی عمدہ بیٹنگ نے ریکارڈ ہدف کی فتح دلائی البتہ کیویز سے فائنل سمیت دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آج سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بیٹنگ میں بابر اعظم اور فخر زمان پاکستانی عوام کی امیدوں کے محور ہوں گے، کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بھی عمدہ کھیل کی توقع ہے، باؤلرز کو رنز کے سیلاب کو روکنا ہو گا، شاہین آفریدی کا ساتھ دینے کیلئے حارث رؤف بھی فٹ ہو چکے ہیں البتہ میدان میں اتارنے کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا۔
نسیم شاہ اور ابرار بھی کچھ کر دکھانے کیلئے بے چین ہیں، دوسری جانب کیوی ٹیم کو کین ولیمسن سمیت کئی میچ ونرز کا ساتھ حاصل ہے، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی پچ بیٹنگ کیلئے سازگار رہے گی۔
یونان ، زلزلے کے ہزاروں جھٹکے، تمام سکولوں میں چھٹیاں ،ایمرجنسی نافذ