ممبئی (اے بی این نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام درج کر دیا گیا۔بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے اپنی جرسی کی رونمائی کی ہے جس پر میزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام درج دیکھ کر بھارتی عوام آگ بگولہ ہو گئے، پاکستان کے نام پر تنازع کھڑا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں کپتان روہت شرما، رویندرا جدیجا، ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ کو نئی جرسی زیب تن کیے دیکھا گیا ہے، لیکن جرسی پر موجود ٹورنامنٹ کے لوگو کے ساتھ پاکستان کے نام نے سب کی توجہ سمیٹ لی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ قواعد کے مطابق ٹیم کی کِٹ پر میزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام لکھنے کا خواہاں نہیں ہے۔آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو واضح طور پر کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کٹ پر ‘پاکستان‘ لکھنے کی پابند ہے کیونکہ پاکستان ہی ٹورنامنٹ کا اصل میزبان ہے۔
مزید پڑھیں: علماء کرام کا قرآن کریم کے علم وفہم پر آرمی چیف کو خراج تحسین