کراچی(نیوزڈیسک)میرا بیٹا ماشاء اللہ حافظِ قرآن بھی ہے اور شرارتی بھی ہے لیکن اب بڑا ہوگیا ہے۔ اس کا دھیان اب صرف کرکٹ کھیلنے میں۔ قرآن حفظ کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹیں لے کر اس نے مجھے زندگی کی دوسری سب سے بڑی خوشی دی ہے۔خوشی سے لبریز یہ الفاظ نور اسلام کے ہیں جو پاکستان کے ابھرتے ہوئے کرکٹر ابرار احمد کے والد ہیں۔ کراچی میں کھیل کود کر بڑے ہونے والے ابرار احمد نے گزشتہ روز ملتان میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں لیں۔ انٹرویو دیتے ہوئے ابرار احمد کے بھائی اور والد انتہائی خوش نظر آرہے تھے۔ ابرار کے بھائی کا کہنا تھا کہ “بھائی کی ڈومیسٹک کارکردگی دیکھ کر اس کی خوبیوں کا احساس ہوا ہے۔ مجھے ہمیشہ سے یقین تھا کہ ایک دن وہ پاکستان کے لئے ضرور کھیلے گا،جبکہ ان کے والد کا کہنا تھا کہ آج بیٹے کی کارکدگی دیکھ کر احساس ہوا کہ وہ کتنا اچھا کھیلتا ہے۔ سب اس کی تعریف کررہے ہیں۔ وہ آئے گا تو گھر اور محلے والے مل کر اس کا استقبال کریں گے۔ ابرار احمد کے والد کا مزید کہنا تھا کہ میں اسے کہتا ہوں کہ وہ جتنا چاہے پڑھے اور کھیلے۔ اپنے لئے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے کھیلے۔