لاہور ( نیوز ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ڈرافٹ کی تقریب کے انتظامات جاری ہیں، اور اس بار ایونٹ لاہور میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کے درمیان کھلی فضا میں تقریب منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے پس منظر میں مسجد کا شاندار منظر پیش کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے بہترین جگہ کے انتخاب کی ذمہ داری پروڈکشن کمپنی اور براڈ کاسٹرز کو سونپی ہے۔
یہ تقریب بارہ دری میں ہونے کا امکان ہے، اور اسے کھلی فضا میں منعقد کرنے کا مقصد بادشاہی مسجد کے شاندار نظارے کے ساتھ بصری کشش کو بڑھانا ہے۔سردی سے نمٹنے کے لیے اسٹینڈ ہیٹرز کا استعمال کیا جائے گا، تقریب کو مزید منفرد اور یادگار بنانے کے لیے ڈرون کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ابتدائی طور پر پی ایس ایل سیزن 10 کے ڈرافٹ کی تقریب 11 جنوری کو گوادر میں شیڈول تھی تاہم فرنچائزز کے خدشات کے پیش نظر ایونٹ کو لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے حتمی فیصلہ اور اعلان آج متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹ تقریب گوادر سے لاہور منتقل کر دی گئی