لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔پی سی بی کے مطابق قومی اسکواڈ میں کومل خان کپتان اور ذوفشان نائب کپتان ہوں گے۔
علیسہ مختیار، اریشہ انصاری، فاطمہ خان، ہانیہ احمر، ماہم انیس، ماہنور زیب، میمونہ خالد، مناہل، قرۃ العین، راول فرحان اور شہر بانو سکواڈ کا حصہ ہیں۔طیبہ امداد اور واصفہ حسین بھی 15 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ریزرو کھلاڑیوں میں فضا فیاض، لائبہ ناصر، مناہل جاوید، روزینہ اکرم اور ثانیہ راشد شامل ہیں۔قومی ٹیم 31 دسمبر کو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ میں شرکت کرے گی۔
تربیتی کیمپ 9 جنوری تک جاری رہے گا، ٹیم 10 جنوری کو کراچی سے براستہ دبئی ملائیشیا کے لیے روانہ ہوگی، ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق چار گروپس ہیں۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان کو گروپ بی میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور امریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکہ کے خلاف کھیلے گی۔20 جنوری کو انگلینڈ اور 22 جنوری کو آئرلینڈ کا مقابلہ ہوگا۔
پاکستان کے تین میچ ملائیشیا کے شہر جوہر کے جے سی اے اوول میں کھیلے جائیں گے۔گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد ہر گروپ سے تین ٹیمیں سپر 6 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔16 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے 2 فروری تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل داغ دیا، تل ابیب میں سائرنگ بج اٹھے