دبئی ( نیوز ڈیسک )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا معاملہ حل نہ ہوسکا۔ چند وجوہات کی بنیاد پر آئی سی سی بورڈ میٹنگ کو ایک دو روز تک بھی ری شیڈول کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا معاملہ حل نہ ہوسکا۔ آئی سی سی اجلاس میں مزید تاخیر متوقع ہے۔ آئی سی سی نے دونوں بورڈ کو مزید وقت دے دیا۔ذرائع کے مطابق چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج شیڈول ہے تاہم میٹنگ کس وقت ہوگی ،آئی سی سی کی جانب سے تاحال وقت نہیں بتایا گیا، چند وجوہات کی بنیاد پرمیٹنگ کو ایک دو روز تک بھی ری شیڈول کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئی سی سی بورڈ ممبرز کا ورچوئل اجلاس گزشتہ روز صرف آدھا گھنٹہ جاری رہنے کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور معلوم ہوا تھا کہ آئی سی سی کے بورڈ کا اجلاس کل دوبارہ ہو گا تاہم آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے میں دوبارہ اجلاس کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی بلکہ یہ کہا گیاہے کہ آئندہ چند روز میں دوبارہ ہو گا۔
آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں تمام بورڈز سے ون لائنر تجاویز پوچھی گئیں، تمام بورڈز ممبران نے چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے آج کے مختصر اجلاس میں چند تجاویز دیں۔پہلے اجلاس میں ہائبرڈ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا اور ذرا سی بھی لچک نہیں دکھائی گئی ۔پاکستان نے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اپنے موقف کے حوالے سے بریفنگ دی ، جس کے بعد آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے معقول حل تلاش کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ آئی سی سی بورڈ کا آج مختصر اجلاس ہوا، تمام فریقین چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ایک مثبت حل کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں، امید ہے کہ بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس کرے گا ۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ سال پاکستان میں ہونی ہے جبکہ انڈیا پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کر چکا ہے۔
انڈیا کے انکار کے بعد سے چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے طرح طرح کی خبریں سامنے آرہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹورنامنٹ کو پاکستان میں ہی کروانے کے فیصلے پر کھڑا ہے اور انڈیا کے میچز کسی دوسرے ملک میں کروانے کی تجویز کو مسترد کر چکا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے نو مارچ تک پاکستان میں ہونا ہے تاہم تاحال ایسا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا ہے کہ کون کس سے کب کھیلے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں 3 آپشنز پر غور متوقع ہے ۔ پہلا آپشن پاکستان میزبان کرے لیکن بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرائے جائیں ۔ دوسرا آپشن تمام میچزنیوٹرل وینیوپرمنتقل ہوں لیکن میزبانی کے حقوق پاکستان کے پاس رہیں۔ تیسرا آپشن پاکستان میزبان کرے بھارت چھٹی کرے۔
مزید پڑھیں: کرم جھڑپ میں مزید 7 افراد جاں بحق، ہلاکتوں کی تعداد 97 ہو گئی