اہم خبریں

پی سی بی نے سمیر احمد سید کو چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر، سلمان نصیر پی ایس ایل کے سی ای او بن گئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد سمیر احمد سید کو نیا چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمیر احمد سید وزیراعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں اور اب وہ پی سی بی کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔ وہ سلمان نصیر کی جگہ لیں گے، جنہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور چیئرمین کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سمیر احمد سید کی تقرری کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت سے پی سی بی کا انتظامی ڈھانچہ مزید مستحکم ہوگا اور بورڈ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

نئے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ وہ چیئرمین محسن نقوی کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے اور پی سی بی کے اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سابق چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے پی سی بی کے ساتھ اپنے تجربات کو قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمیر احمد سید کی کامیابی میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے اور بورڈ کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں۔

متعلقہ خبریں