اہم خبریں

محسن نقوی سے آئی سی سی وفد کی ملاقات،اسٹیڈیمز کی بروقت اپ گریڈیشن کی یقین دہانی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کو سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نقوی سے آئی سی سی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام ٹیموں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

اپ گریڈیشن کے بعد اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچوں سے زیادہ لطف اندوز ہوں گے۔ پاکستانی عوام کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتے ہیں اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔وفد میں آئی سی سی کی سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ منیجر اور چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کے لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، سیکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور براڈکاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما غلام محی الدین کی نظربندی کالعدم قرار ،رہائی کا حکم

متعلقہ خبریں