لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے اپنے ہاں بچے کی پیدائش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔کھلاڑی نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کہانی شیئر کرتے ہوئے تردید کا پیغام جاری کیا۔
حارث رؤف نے اپنے بچے کی پیدائش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے جعلی خبریں پھیلانے سے روکنے کی درخواست کی۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا: ’’میرے بچے کی پیدائش سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں۔ براہ کرم جعلی خبروں کو پھیلانے اور ان پر بھروسہ کرنے سے گریز کریں۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میری ذاتی زندگی سے متعلق کسی بھی غیر سرکاری اکاؤنٹ سے آنے والی معلومات محض افواہ ہیں۔واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ سے متعلق خبریں شیئر کرنے والے احتشام صدیقی کی ایک پوسٹ انسٹاگرام پر وائرل ہوئی تھی جس میں حارث رؤف کے گھر نئے بچے کی پیدائش کا اعلان ان کی تصویر کے ساتھ کیا گیا تھا جو کہ پھیل گئی تھی۔
حارث رؤف کے گھر بیٹے کی پیدائش کی خبر سوشل میڈیا پر گردش کرتے ہی ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مبارکبادوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔حارث رؤف اور ان کی دیرینہ دوست مزنا مسعود ملک کی شادی دسمبر 2022 میں ہوئی تھی جبکہ ان کی شادی کی تقریب جولائی 2023 میں ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: بیوروکریسی میں تقرر وتبادلے ، عائشہ حمیرا سیکرٹری ایم او آئی ٹی ٹی تعینات