اہم خبریں

پی سی بی نے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن 2024-25 کا اعلان کردیا،تفصیلات جانئے

لاہور( نیوز ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ہوم انٹرنیشنل سیزن 2024-25 کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔اس سیزن میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سات ٹیسٹ میچوں کے ساتھ ہوم گراؤنڈز پر اعلیٰ درجے کی کرکٹ ایکشن لانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

ان ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں ہوگی۔مزید برآں، 21 سالوں میں پہلی بار، پاکستان سہ ملکی ون ڈے سیریز کی میزبانی کرے گا، جس میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔اس سیریز کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے، جو شائقین کو ہائی اسٹیک کرکٹ دیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔

جوش میں اضافہ کرتے ہوئے، پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ عالمی کرکٹ برادری میں پاکستان کی حیثیت کو مزید مستحکم کرے گا، جس سے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ مبذول ہو گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آئندہ کرکٹ سیزن کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ انہوں نے وسیع شیڈول کے لیے پی سی بی کی موثر منصوبہ بندی کی تعریف کی۔انہوں نے غیر ملکی شائقین کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خوبصورتی کو بھی دیکھیں۔

محسن نقوی نے کہا،کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ حکام نے پاکستان میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے پاکستانی ٹیم کے خلاف ان کے ہوم ٹرف پر مقابلے کے چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے شائقین کے لیے مسابقتی اور سنسنی خیز میچوں کا وعدہ کیا۔
مزید پڑھیں: غیرملکیوں کو شہریت دینے کیلئے سعودی عرب کا بڑا اعلان،شاہی فرمان جاری

متعلقہ خبریں